کوئٹہ۔14دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو برابری کے حقوق حاصل ہیں جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کی حقیقی عکاسی ہے مسیحی برادری کو بھی وہ آئینی حقوق حاصل ہیں جو دیگر مذاہب کے لوگوں کو حاصل ہیں۔ یہ بات ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پیر کو کوئٹہ میں کرسمس کے موقع پرنیو ہوپ اور فن سینٹر میں یتیم بچوں کے ساتھ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انھوں نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ یتیم بچوں کی کفالت کیلئے کردار ادا کریں کیونکہ یتیم بچوں کی نگہداشت و پرورش کیلئے ان کے سروں پر والدین کی محبت و پیار جیسا عظیم سایہ نہیں ،یہ یتیم بچے بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور ہمارے اپنے بچوں جیسے ہیں ان بچوں کو ہماری توجہ کی ضرورت ہے ۔یتیم بچوں کو بھی ایک اچھے اور مہذب شہری بننے کی ضرورت ہے قاسم خان سوری نے کہا کہ یتیم بچوں کی فلاح کیلیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کا کردار قابل تحسین ہیں جو یتیموں کی پرورش کررہے ہیں اور ان بچوں کو وہ مہارت دے رہے ہیں کہ وہ بڑے ہو کر اپنے ہنر اور محنت سے عزت کی روزی کما سکیں انھوں نے کہا کہ انسانیت کی خاطر ہم سب نے اس طرف توجہ دینا ہوگی ۔ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اس موقع پر مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام عام کرنے کا دن ہے۔ ملکی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل تعریف ہے۔ آخر میں ڈپٹی سپیکر یتیم بچوں سے گھل مل گئے اور بچوں کیساتھ کرسمس کا کیک کاٹا۔