راولپنڈی ۔12مارچ (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی دعوت پرپاکستان میں امریکی سفارتخانے میں تعینات سینئر سفارت کارنیٹالی اے بیکر ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس کا دورہ کیا،اس دورے کے دوران ان کے ہمراہ امریکی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ ٹریفک ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور معزز مہمان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا،
دورے کے دوران امریکی سینئیر سفارت کار نے سی پی او راولپنڈی اور سی ٹی او راولپنڈی کے ہمراہ ون ونڈو لائسنسنگ ہال کا مشاہدہ کیا ، اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے معزز مہمان کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے جدید اور شفاف طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ، امریکی سینئر سفارت کار نے اس جدید نظام کو سراہتے ہوئے اپنی مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا، اس کے بعد معزز مہمان کو ڈرائیونگ ٹریننگ سیمولیٹر کا معائنہ کرایا گیا جہاں انہیں تربیتی مراحل اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بریفنگ دی گئی
، امریکی سینئر سفارت کار نے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے اس اقدام کو جدید اور موثر قرار دیتے ہوئے اسے شہریوں کے لیے انتہائی مفید قرار دیا بعد ازاں امریکی سینئر سفارت کار نے ڈرائیونگ ٹیسٹنگ ٹریک اور ٹریفک میس کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے طریقہ کار اور ٹریفک پولیس کے فلاحی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کے زیرِ استعمال جدید سہولیات اور شفاف طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر معزز مہمان ٹریفک آڈیٹوریم میں بھی تشریف لے گئیں جہاں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی اقدامات اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، امریکی سینئر سفارت کار نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور اسے عوام کی سہولت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا
، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے ٹریفک پولیس کے فرائض، چیلنجز اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی ، انہوں نے معزز مہمان کو بتایا کہ کس طرح سٹی ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی، موثر حکمت عملی اور مستعد اہلکاروں کی مدد سے شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، دورے کے دوران امریکی سینئر سفارت کار نے ٹریفک پولیس کے زیرِ استعمال جدید گیجٹس اور روڈ ریڈی میٹ کا بھی جائزہ لیا ۔
انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، دورے کے اختتام پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے امریکی سینئر سفارت کار نیٹالی اے بیکر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ امریکی سینئیر سفارت کار نے اس یادگار دورے پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اور راولپنڈی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571699