اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان میں امریکی چارج ڈی افیئرز نٹالی اے بیکر نے وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے امریکی سفارتکار کو پاور سیکٹر میں حکومت کی جانب سے کئے گئے حالیہ اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں پاور سیکٹر کی کارکردگی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت غیر جانبداری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پاور سیکٹر کے سرکاری اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مکمل طور پر غیر جانبدار مقرر کیا ہے تاکہ وہ میرٹ پر فیصلے کر سکیں۔
امریکی چارج ڈی افیئرز نے وفاقی وزیر کو واشنگٹن میں منعقد ہونے والے انرجی سکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ان کی شرکت انتہائی قیمتی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے پاور سیکٹر میں مختلف امریکی ایجنسیز کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ایجنسیز کے مثبت کردار کی وجہ سے دونوں ملکوں کے مابین شراکت داری بڑھی ہے۔ پاکستان اس تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاور ڈویژن کی ٹیم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع کو مزید وسعت دینے کے لئے کام کر رہی ہے۔ ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے سردار اویس لغاری نے بتایا کہ شفافیت اور بین الاقوامی معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھے گی۔
انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ اس سلسلے میں مقابلہ جاتی بولی میں حصہ لیں۔ وفاقی وزیر نے ملک میں صارفین کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی چارج ڈی افیئرز نٹالی اے بیکر نے پاور ڈویژن کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت ملک میں بجلی کے نرخ کم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔