پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیرِڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کو گلوبل ایمبیسیڈرایوارڈ سے نوازا گیا

107

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کو پاکستان میں شاندار سفارتی خدمات کے اعتراف میں گلوبل ایمبیسیڈرایوارڈ سے نوازا گیا، یہ ایوارڈ انہیں بدھ کو اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران دیا گیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق پاکستان میں عالمی عوامی سفارتکاری کے ادارے "ڈپلومیٹک انسائٹ” نے سفیرِ ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی ایتھوپیا اور پاکستان کو قریب لانے کے لیے غیر معمولی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعزاز سے نوازا۔ گلوبل ایمبیسیڈرایوارڈ کی چھٹی تقریب میں مختلف ممالک کے سفراء، سفارتی عملہ، پارلیمانی اراکین، سرکاری اہلکار، کاروباری برادری، تعلیمی ادارے، میڈیا اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ جو ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں، نے آسٹریلیا، بحرین اور پاکستان میں ایتھوپین مشنز کے لیے قابل ذکر اقدامات کیے جنہیں سرکاری سطح پر سراہا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی انہیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے بہترین سفیر کے ایوارڈسے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے امن ایوارڈ اور کامسٹیک کی جانب سے دو ملکوں کے درمیان اخوت کے فروغ پر ایوارڈز مل چکے ہیں۔ انہوں نے کراچی سے حال ہی میں ایتھوپین ایئرلائنز کا آغاز کرایا جبکہ پاکستان سےدو تجارتی وفود کو ایتھوپیا بھیجا اور ایتھوپیا سے ایک 50 رکنی وفد کو پاکستان مدعو کیا۔ ان کے دو سالہ سفارتی مشن میں تجارت، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

پاکستان میں ایتھوپیا کے وزیر اعظم کے "گرین لیگیسی انیشی ایٹو” کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز بھی ڈاکٹر جمال بیکر کی کاوشوں میں شامل ہے۔ یہ ایوارڈ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان پہلے سے مستحکم تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔