پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کو "مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے سفیر” کے خطاب سے نواز دیا گیا

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی عوامی جمہوریہ ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں صاف اور سرسبز ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کے اعتراف میں انہیں "مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے سفیر" کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔ وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین اور اسلام آباد کے چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہیڈ …

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی عوامی جمہوریہ ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں صاف اور سرسبز ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کے اعتراف میں انہیں "مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے سفیر” کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔

وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین اور اسلام آباد کے چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران سفیر کو اس اعزاز سے نوازا۔ دونوں عہدیداروں نے سمارٹ شہری ہلز، شہری سبزہ اور ادارہ جاتی روابط و تکنیکی تبادلوں کے ذریعے فروع دینے کے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر نے چیئرمین سی ڈی اے کو ایتھوپیا کے کوریڈور ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی جو وزیراعظم ڈاکٹر ایبے احمد کی قیادت میں ایک بڑے پیمانے پر شہری تبدیلی کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد ایتھوپیا کے شہروں میں زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بڑے پیمانے پر شجرکاری اور دریائی کناروں کی خوبصورتی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد اور عدیس ابابا کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کا بھی مشورہ دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنایا جا سکے۔ سفیر نے چیئرمین کو ایتھوپیا کی اسلام آباد میں ہونے والی آئندہ شجرکاری مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو وزیراعظم ایبے احمد کی ’’گرین لیگسی انیشیٹو‘‘ کا حصہ ہے۔

انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کو مہم میں شرکت کی دعوت دی تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی بڑھائی جا سکے۔ چیئرمین نے سی ڈی اے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلام آباد میں مکمل ہونے والے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے دارالحکومت کو ایک جدید، جامع اور ماحولیاتی طور پر پائیدار شہر بنانے کے سی ڈی اے کے سٹریٹجک وژن پر زور دیا۔

چیئرمین نے سفیر کی قیادت میں اسلام آباد خاص طور پر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چلائی جانے والی صاف اور سرسبز مہمات کو سراہا۔ انہوں نے پائیدار شہری ترقی اور دریائوں کے کناروں کی بہتری کے حوالے سے ایتھوپیا کے تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔