31.1 C
Islamabad
بدھ, جون 4, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان میں بینکرپسی قانون میں اصلاحات کے لیے وزیر اعظم کی کمیٹی...

پاکستان میں بینکرپسی قانون میں اصلاحات کے لیے وزیر اعظم کی کمیٹی کا اجلاس

- Advertisement -

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو سازگار بنانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بینکرپسی قوانین مرتب کرنے کے لیےایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کارپوریٹ ری ہیبلیٹیشن ایکٹ 2018 میں ترامیم کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ قانون میں اصلاحات صنعتی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔اجلاس میں وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنے پر زور دیا گیا۔ ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے موثر قانون سازی ضروری ہے۔

- Advertisement -

قانون میں ترامیم کے لیے ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کا مقصد کارپوریٹ ری ہیبلیٹیشن ایکٹ کو مزید موثر بنانا اور تمام ضروری شقوں کو شامل کرنا ہے۔ اس کمیٹی میں سینئر وکلاء علی سبطین فضل، عابد شبان، کمشنر سی ای پی سی مظفر مرزا اور کنسلٹنٹ عثمان خان شامل ہیں۔

ذیلی کمیٹی کی جانب سے مجوزہ ترامیم پر مبنی فائنل ڈرافٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا۔ہارون اختر خان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مجوزہ ترامیم سے نہ صرف قانونی پیچیدگیاں کم ہوں گی بلکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے اعتماد اور سہولت کا ماحول بھی پیدا ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604341

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں