اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان شجرکاری مہم میں حصہ لینے کےلئے تیار ہوں، ہمیں اس سلسلے میں بہت کچھ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں دنیا کے مختلف ممالک میں آبادی کے تناسب سے درختوں کی تعداد کا چارٹ بھی شیئر کیا ، جس کے مطابق دنیا میں ایک انسان کےلئے 422 درخت ہیں جبکہ پاکستان میں یہ تناسب صرف ایک اور پانچ کا ہے یعنی ایک فرد کےلئے صرف 5 درخت ہیں۔ کینیڈا سرفہرست ہے جہاں ایک فرد کے مقابلے میں 10 ہزار 163 درخت ہیں۔ گرین لینڈ میں یہ تناسب ایک اور 4964 ، آسٹریلیا میں 3266، امریکہ میں 699 ، فرانس میں 203 ، ایتھوپیا میں 143 ، چین میں 130 ، برطانیہ میں 47 اور بھارت میں 28 ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں شجرکاری اور ماحولیات کی بہتری کو ترجیح دی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک میں 10ارب درخت لگانے کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں وقتاً فوقتاً موسم کی مناسب سے شجرکاری کی مہمات چلائی جاتی ہیں۔ ملک میں موسم برسات کے دوران شجرکاری کےلئے بھی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ حکومت کی طرف سے شہریوں کو اس مہم میں شامل کیا گیا ہے اور نہ صرف سرکاری سطح پر باقاعدہ شجرکاری کی جاتی ہے بلکہ مختلف شہری ادارے، تنظیمیں اور افراد بھی بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیتے ہیں۔