پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطادجان مولاموف کی پاکستانی قوم ، قیادت کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

16

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطادجان مولاموف نے پاکستانی قوم اور قیادت کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عید جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ اقدار دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔

سفیر نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر امن، خوشحالی اور بہتر زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے 2025 کو امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس کا آغاز ترکمانستان نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 12 دسمبر 2025 کو اشک آباد میں شیڈول انٹرنیشنل فورم فار پیس اینڈ ٹرسٹ کا مقصد اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینا ہے۔عطادجان مولاموف نے ترکمانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط بندھن کا اعادہ کرتے ہوئے مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔