اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے تعلیم کا فروغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، پاکستان میں ترک زبان و ثقافت کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر بھی اقدامات جاری ہیں ، پاکستان میں ترک زبان و ثقافت کو جاننے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کاوش لائق تحسین ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ ترکش کلچر سینٹر “ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان اعزاز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کی صدارت وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی جبکہ پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی مہمانان میں شامل تھے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہاکہ پاکستان میں بڑی تعداد میں عوام سطح غربت سے نیچے ہیں اور اس سے نجات کا واحد راستہ تعلیم ہے۔
وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنےخطاب میں کہاکہ پاکستانی طلبہ و طالبات کو مختلف ممالک کی تعلیم و تحقیق، زبان و ثقافت سے روشناس کرانے کے لئے اوپن یونیورسٹی میں روسی کلچر سینٹر قائم ہے جبکہ چند دنوں میں جاپانی کلچر سینٹر اور پاک ایران تعلقات میں اکیڈیمک ڈپلومیسی مرکز کا قیام بھی عمل لایا جائے گا۔
پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ثقافت دونوں ممالک کو جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہے جس سے عوام کے دل آپس میں جڑتے ہیں، حکومتی سطح پر بہت سے امور پرباہمی تعاون جاری ہے ، کلچرل ایکسچینج سے ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار نے خطبہ استقبالیہ میں شرکا کو بتایا کہ 80 ممالک میں 90 یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ قائم ہیں اور پاکستان میں یہ تیسرا ادارہ قائم ہو رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر معروف مصنف ڈاکٹر فاروق عادل نے شرکا سے اظہار تشکر ۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=539706