پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا قراقرم یونیورسٹی کا دورہ

252
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

گلگت۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے امریکن سفیر کا استقبال کیا۔ ۔ملاقات میں یونیورسٹی کے سینئر انتظامی و تدریسی افسران بھی موجود تھے۔وائس چانسلر نے امریکہ کے سفیر کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں،یوایس ایڈ کے تحت جامعہ کے طلبا کو دی جانے والی سکالرشپ سمیت یونیورسٹی کی تعمیر وترقی کے منصوبوں سمیت مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

امریکن سفیر نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان کئی دہائیوں سے باہمی حمایت، معاشی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات پر مبنی وسیع اور مضبوط شراکت قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی خطے میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کی فراہمی کے لیے بہترین کام سر انجام دے رہی ہے۔امریکہ کے سفیر نے یوایس ایڈ کے تعاون سے تعمیر کردہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی فیکلٹی آف ایجوکیشن کا دورہ کیا جہاں پر فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ہیڈ ڈاکٹر صدرالدین قطوشی نے فیکلٹی آف ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہ کیا۔