اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر متسودا کنینوری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے جس میں چار خواتین ورکرز کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔منگل کواپنے پیغام میں سفیر نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میں چار بے گناہ خواتین کی ہلاکت سے بہت دکھ پہنچا ہے۔
سفیر نے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور بزدلانہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔سفیر نے کہا کہ جاپان ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔