پاکستان میں تعینات روس کے سفیر کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ، وائس چانسلر سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

183

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔روس کے سفیر نے وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمودسے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر روس کے سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں گزشتہ برس روسی زبان کےمرکز کا قیام روس کے پاکستان اور بالخصوص اوپن یونیورسٹی کےساتھ بہترین تعلقات کی ایک مثال ہے ۔ روسی سفیر نے اوپن یونیورسٹی کےانسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی (آئی ای ٹی) اور روسی زبان کے مرکز کا دورہ کیا اور دونوں مراکز کی اپ گریڈیشن میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

البرٹ پی خوریف نے آئی ا ی ٹی کو جدید ترین کیمرے اور آلات فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس ضمن میں ہر قسم کی فنی و تکنیکی سہولیات اور تربیت بھی فراہم کریں گے۔ روسی زبان کے مرکز کا دورہ کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستانیوں کو روسی زبان سے روشناس کروانے کیلئے اس مرکز کو مزید بہتر کیا جائے گا۔

وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے اوپن یونیورسٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔گزشتہ سال اوپن یونیورسٹی میں پاکستانیوں کو روسی زبان سکھانے کیلئے مرکز قائم کیا گیا جس سےنہ صرف پاکستانی عوام کو روسی زبان، ثقافت اور تاریخ بارے جاننے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستانی طلبہ کو روسی جامعات میں داخلہ لینے میں بھی آسانی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جذبات واحساسات روس کے لئے بہت اچھے ہیں، دونوں اقوام میں پیار واخلاص پایا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے روسی سفیر کی جانب سےتکنیکی سہولیات پیشکش کا خیر مقدم کیا۔