پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر گیبرائیل تلے کاپوتا کا نمل یونیورسٹی کا دورہ

200

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر گیبرائیل تلے کاپوتا نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کا دورہ کیا اور ہسپانوی زبان کے طلبہ و طالبات کو کیوبا کی تاریخ اور ثقافت پر تفصیلی لیکچر دیا۔ اس موقع پرریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد ابراہیم، کیوبا کے سفارتخانہ کی خاتون اول مسز کاپوتا، رجسٹرار، ڈائریکٹرز، صدر شعبہ ڈاکٹر عاصمہ نوید اور ہسپانوی زبان کے فیکلٹی ممبران اور طالب علموں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ معزز مہمان نے کیوبا کی ثقافت اور تاریخ پر طلباء کو معلوماتی لیکچر دیا اور سوال جوابات میں بھی تفصیلی بیان کیا۔ طلباء نے ہسپانوی زبان میں گیت بھی گایا جسے معزز مہمان نے خوب سراہا۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم نے نمل کی زبانوں کے اعتبار سے اہمیت اور قدرتی آفات میں کیوبا کی پاکستان کے امداد کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔