پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل شخصی و مذہبی آزادی حاصل ہے، فیصل کریم کنڈی

189

پشاور۔ 11 اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا قومی دن ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی، سماجی اور اقتصادی حقوق اجاگر کرتا ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل شخصی اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستانی قومیت کا بنیادی حصہ ہیں، آزادی کی جد وجہد سے لے کر آج تک پاکستانی اقلیتوں نے ملک کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کی بطور پاکستان شہری ملک و قوم کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا یقین دلاتا ہوں۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم سب نے بحیثیت پاکستانی اتحاد سے ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا ہے۔