پاکستان میں جاپان کے سفیر کا ایس آئی ایف سی کا الوداعی دورہ، سیکرٹری جمیل قریشی نے اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر سفیرواڈا متسوہیرو کی گراں قدر خدمات کو سراہا

110
Ambassador of Japan to Pakistan
Ambassador of Japan to Pakistan

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں جاپان کے سفیرواڈا متسوہیرونے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا الوداعی دورہ کیا، اس موقع پر سفیر نے سیکرٹری ایس آئی ایف سی ڈویژن سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔دوطرفہ ملاقات میں سیکرٹری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل جمیل قریشی نے سفیر کی حیثیت سے اپنے دور میں جاپان اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے میں سفیر واڈا کی گراں قدر خدمات کوسراہا۔

جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں اقتصادی اور ترقیاتی کونسلرکاوامورا کینتا، سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری ہاشیموتو ہیروشی اور ایس آئی ایف سی کی سرمایہ کاری کے فروغ کی ٹیم نے بھی شرکت کی اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں سفیر واڈاکے کردار پر روشنی ڈالی جن میں ان کی کوششوں نے پاکستان کے اہم شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کو تقویت دیتے ہوئے مشترکہ منصوبوں کے مواقع کو بھی آگے بڑھایا۔

سیکرٹری جمیل قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایس آئی ایف سی اور حکومت پاکستان کی جانب سے سفیر واڈا کی پاکستان جاپان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سرشار کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت، باہمی سرمایہ کاری ، ٹیکنالوجی اور ترقیاتی اقدامات میں تعاون بڑھانے کے لیے سفیر کے مستقل عزم کی بھی تعریف کی۔ملاقات میں سفیر واڈا نے ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ایس آئی ایف سی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے جاپانی سرمایہ کاری اور پاکستان میں کام کرنے والی موجودہ جاپانی کمپنیوں کے لیے ایس آئی ایف سی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت کو بھی سراہا۔الوداعی ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سفیر واڈا کی مدت کے دوران قائم ہونے والی رفتار کو برقرار رکھنے اور اس کی تعمیر کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی توثیق کی گئی۔