اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں سٹاک مارکیٹ میں کی گئی سرمایہ کاری پر منافع جات کی شرح سب سے زیادہ 18 فیصد ہے، ایکوئٹی پر منافع کی سب سے کم شرح جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں 7 فیصد ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق منافع جات کی 15 فیصد ادائیگی کے ساتھ سری لنکا اور بھارت کا دوسرا نمبر ہے۔ علاقائی ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں سٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی سرمایہ کاری پر سب سے زیادہ 18 فیصد منافع جات ادا کئے جاتے ہیں جو جنوبی ایشیائی ممالک کے مقابلہ میں سب سے زیادہ شرح ہے۔
اسی طرح ایکوئٹیز پر 15،15 فیصد کے منافع اور ڈیویڈنزکے ساتھ سری لنکا اور بھارت دوسرے نمبر پرہیں۔ اعدادو شمار کے مطابق تائیوان میں سٹاک مارکیٹ پر حاصل منافع جات کی شرح 13 فیصد ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں منافع جات کی ادائیگی کے حوالہ سے تائیوان تیسرے نمبر پر آتا ہے۔بلوم برگ کے اعدادو شمار کے مطابق ویتنام میں بھی ایکوئٹیز پر منافع جات کی شرح 13 فیصد ہے جبکہ انڈونیشیا اور فلپائن میں سٹاک مارکیٹ پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے حاصل منافع اور ڈیوڈنڈز کی شرح 12 فیصد ہے تاہم خطے کے بڑے ملک چین میں یہ شرح 8 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ، بھارت، سری لنکا، تائیوان ، ویتنام ، انڈونیشیا ،فلپائن اور چین کے بعد سٹاک مارکیٹ سرمایہ کاری پر حاصل منافع جات کی سب سے کم 7 فیصد شرح جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں ریکارڈ کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج خطے کی دیگر سٹاک مارکیٹس کے مقابلہ میں تیزی سے ترقی کررہی ہے اور حکومت کی دانشمندانہ مالیاتی پالیسیوں کے نتیجہ میں مقامی وغیرملکی سرمایہ کار پی ایس ایکس میں بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں اور پاکستان سٹاک مارکیٹ بدھ کو ایک لاکھ 38 ہزار 600 سے زیادہ پوائنٹس پر ٹریڈ کررہی ہے۔