31.6 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 22, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان میں دہشت گردی اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے میں بھارت...

پاکستان میں دہشت گردی اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے میں بھارت کا ملوث ہونا واضح ہے، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی پریس بریفنگ

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مظلومیت کی بھارت کی فرضی داستان پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو ہوا دینے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ریاست کی طرف سے منظور شدہ جبر میں ملوث ہونے کو نہیں چھپا سکتی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے میں بھارت کا ملوث ہونا واضح ہے۔

عالمی سطح پر قتل وغارت گری کی سازشوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت صرف پاکستان ہی میں نہیں بلکہ پورے خطے میں ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی سرپرستی کررہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے غیر ملکی علاقوں میں ٹارگٹڈ قتل، تخریب کاری اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حالیہ حملے کی مذمت نہیں کی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی قیادت کے بلاجواز بیانات کی بڑھتی ہوئی تعداد پر پریشان ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت ہی تھا جو 1948 میں جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لے گیا تھا، اس لئے بھارت کو سلامتی کونسل اور اس کے ممبران کو بعد میں منظور ہونے والی قراردادوں کے لئے مورد الزام ٹھہرانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بے بنیاد دعوئوں سے اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے ہونا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا پرامن حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے تنازعہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کے لئے پاکستان کی تعمیری مشغولیت اور نتیجہ خیز مذاکرات کی وکالت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام بھارت کے سخت رویے اور تسلط پسندانہ عزائم کا یرغمال بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف بیانیہ دوطرفہ ماحول کو خراب اور امن اور تعاون کے امکانات کو روکتا ہے جسے روکنا چاہئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574712

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں