کراچی۔ 29 ستمبر (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج جشن عید میلادالنبیﷺکے دن دل دہلا دینے والے واقعات پیش آئے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، پاکستان مسلسل کہتا آ رہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے ، یہ واقعہ بھی ہمارے معاشی استحکام کے خلاف ہے اورکینیڈا واقعہ سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش ہے۔
گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کےمطابق گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پورے ملک میں لوگ عید میلادالنبیﷺ کی خوشیاں منا رہے تھے ان کی خوشیوں میں غم شامل کرنا ناقابل برداشت ہے ، آج ہم میں سے ہر ایک شخص خون کے آنسو رورہا ہے،میں سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ جب ہماری حکومت اور فوج معیشت کی بہتری کے لئے کھڑی ہوئی تو یہ واقعہ کرایا گیا،
جب پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری آتی ہے توایسے حالات پیدا کردیئےجاتے ہیں اور ڈالر دے کرپاکستان میں دہشت گردی کرائی جاتی ہے،داعش ،طالبان اور دیگر کالعدم تنظیموں کو ڈالرز دے کر خریدا جاتا ہے ، اس کے پیچھے ہاتھ ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے کہہ رہا ہے کہ بھارت،پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، کینیڈا میں بھارتی نژاد کینیڈین شہری کا قتل ہمارے موقف کی تائید کرتا ہے،کینیڈا کی حکومت شواہد کے ساتھ بھارت پر الزامات لگا رہی ہے اور کینیڈا کی پوری قوم اپنے بھارتی نژاد شہری کے قتل کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے،کینیڈین حکومت نے کوئی مصالحت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ قوم تیار نہ ہوئی تو ہمارے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی ہوتا رہے گا، بہت ہوگیا قوم کےمعمار اور محافظ قدم آگے بڑھائیں قوم ان کے ساتھ ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج کے مبارک دن ہمارے مسلمان بھائیوں کو خون میں نہلایا گیا ہم اسے معاف نہیں کریں گے، ہمارے ازلی دشمن نے ہمیں خون سے بھرا تحفہ دیا ہے ، جب پاکستان میں بہتری آنے لگتی ہے ایسے واقعات کروائے جاتے ہیں ، دنیا بھی دیکھ لے کہ کون ہے جو ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونے دیتا۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ جس جس نے بھی پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے اس کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے ، کینیڈین شہری کے قتل پر ان کی پوری قوم کھڑی ہوجاتی ہے لیکن یہاں حساس قومی اداروں پر حملے کے باوجود ہم خاموش بیٹھے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں ایماندار چیف جسٹس اور ایک حافظ قرآن آرمی چیف موجود ہیں ان کی موجودگی میں ملک ضرور ترقی کرے گا۔