پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت متنوع اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع دستیاب ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

130

دوحہ۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت متنوع اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع دستیاب ہیں، حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافتی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں مسلسل حمایت پراظہار تشکر کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیراعظم نے قطر میں موجود پاکستانیوں کی میزبانی پرقطر کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہاں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پرامن حل اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ تنازعہ پر قطر کے اصولی موقف اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے تنازعہ کے حل اور غزہ کے عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے قطر کے انسانی ہمدردی کے اقدامات اور سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے فروغ کے لیے قطر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئےمذاکرات کے سہولت کار اور علاقائی تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے قطر کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے خطے میں پاکستان کی سٹرٹیجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے قطر کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ قطر کے وزیراعظم نے افغانستان سمیت خطے میں امن وامان کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں وزیر اعظم شہبازشریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم اور حکمت عملی سے قطر کے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کا پر تپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔