28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے اٹلی 1.5 ملین یورو...

پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے اٹلی 1.5 ملین یورو کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیرریزکا تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیرریزنے کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے اٹلی 1.5 ملین یوروکے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا، اٹلی نے پہلے ہی پاکستان کو زیتون کی کاشت میں بہتری کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے، 1.5 ملین یوروکا منصوبہ 26 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، پاکستان میں زیتون کی کاشت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے جس سے پاکستان نہ صرف ملکی ضروریات پوری کر سکتا ہے بلکہ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ بھی حاصل کر سکتا ہے۔

اٹلی کی جانب سے پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1.5 ملین یورو کے منصوبہ سے پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ میں مدد ملے گی، وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ذیلی ادارے آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ملک کے موزوں علاقوں میں زیتون کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقے موسمیاتی طور پر زیتون کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہیں، ان علاقوں میں زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف ملکی ضرورت پوری کی جا سکتی ہے بلکہ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تجارتی تعلقات ہیں، پاکستان مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کی اٹلی کو برآمدات کرتا ہے جبکہ مجموعی درآمدات 754 ملین ڈالر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کی زیتون معیار کے اعتبار سے پوری دنیا میں اہمیت کی حامل ہے، اس حوالہ سے اٹلی میں مقیم پاکستانی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اٹلی نے پہلے بھی پاکستان میں زیتون کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی مانگ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان زیتون کی پیداوار میں اضافہ کرکے بڑھتی ہوئی طلب سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تمام مذہبی کتابوں میں اس کا ذکر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی نے ہمیشہ زیتون کی کاشت کو جدید طرز پر فروغ دینے اور پیداوار میں اضافہ کیلئے پاکستان سے تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی پیداوار میں اضافہ سے پاکستان میں نہ صرف خوردنی آئل کی بڑھتی ہوئی مانگ پوری کی جا سکتی ہے بلکہ درآمدی بل میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت کو دیکھ رہے ہیں جب پاکستان زیتون کی پیداوار اور برآمد میں دنیا کے بڑے ممالک میں شامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اولیو سپلائی چین پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کے شعبہ کی ترقی کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹریز کا قیام ضروری ہے، زیتون کی کاشت کے فروغ سے ماحولیات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ پاکستان کے بعض حصے زیتون کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کئی عشروں سے پاکستان میں زیتون کی پیداوار میں اضافہ کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے، 2012 سے 2015 کے دوران اٹلی نے زیتون کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی جس کے باعث 2 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر زیتون کی کاشت ممکن ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2016 میں اٹلی کی حکومت نے تخفیف غربت فنڈ (پی پی اے ایف)کے تحت زیتون کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی جس سے زیتون سے تیل حاصل کرنے کے تین یونٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کئے گئے جبکہ اب مارچ 2022 میں زیتون کی کاشت کے حوالہ سے پاکستان اولیو آئل ویلیو چین کے منصوبہ کا آغازکیا گیا ہے جس سے زیتون کے شعبہ میں ترقی اور بہتری کے امکانات روشن ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=312485

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں