پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے فضاسازگار ہے، اہم چینی کاروباری کمپنیوں کی منتقلی خوش آئند ہوگی، وفاقی وزیر مواصلات و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کی چین میں رائونڈ ٹیبل بزنس کانفرنس میں گفتگو

127
Abdul Aleem Khan.
Abdul Aleem Khan.

بیجنگ۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات ، سرمایہ کاری و نجکاری کمیشن عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے فضاسازگار ہے، اہم چینی کاروباری کمپنیوں کی منتقلی خوش آئند ہوگی، چین سے تعلیم،ٹیکنالوجی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون و سرمایہ کاری کریں گے، ہم سی پیک کے علاوہ چین سے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) منصوبے کے شراکت دار ہیں،پاکستانی آبادی میں 70فیصدنوجوان شامل ہیں، بزنس کیلئے بہتر لیبر اور زیادہ صارفین مل سکتے ہیں،پاکستان میں آئی ٹی کی بہتر فورس موجود ہے، شمالی امریکہ اور یورپ سے نسبتاً 70فیصد کم لاگت آئے گی۔

جمعہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے چین کے جیانگ ڈسٹرکٹ میں منعقدہ بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے کلیدی خطاب میں کیا۔ کانفرنس میں 25 اہم چینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سفارتخانے میں مشترکہ بزنس کانفرنس میں شرکت کی۔ چینی سرمایہ کاروں نے وفاقی وزیرمواصلات و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے قابل عمل تجاویز پرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاک۔ چین بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں میں اضافے اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے لیے بات چیت ہوئی اور چین کی فارماسیوٹیکل، لاجسٹک،میڈیکل ایکویپمنٹ اور ٹیکنالوجی کمپنیوں نے عبدالعلیم خان کو بریفنگ دی۔ ایگریکلچر، آٹو موبائل، الیکٹریکل اپلائنسزاور دیگر چینی کمپنیاں بھی بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شریک ہوئیں۔ وفاقی وزیر نے چینی کمپنیوں کے سربراہان کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے فضاسازگار، اہم چینی کاروباری کمپنیوں کی منتقلی خوش آئند ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین سے تعلیم،ٹیکنالوجی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون و سرمایہ کاری کریں گے،سی پیک کے علاوہ چین سے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) منصوبے کے شراکت دار ہیں۔پاکستان 70فیصد نوجوان آبادی پر مشتمل ملک ہے جہاں بزنس کیلئے بہتر لیبر اور زیادہ صارفین مل سکتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کی بہتر فورس موجود ہے، شمالی امریکہ اور یورپ سے نسبتاً 70فیصد کم لاگت آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 23کروڑ آبادی والاپانچواں بڑا ملک اورباہمی تعاون اور بزنس کیلئے زیادہ موزوں ہے، زراعت اور لائیو سٹاک میں بہتر ی لا کر خطے میں کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ پاکستان میں تانبے کے ساتویں بڑے اور کوئلے کے دوسرے بڑے ذخائر موجود ہیں،امریکہ،یورپی یونین اور برطانیہ سمیت پاکستان کو مختلف ممالک کی مارکیٹ تک رسائی ہے،ہانگ کانگ کے کنٹری ڈائریکٹر آنا سو اور لیانگ ہو کے گروپ صدر لی ہو، چن لنگ جنگ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ڈیمنگ کاؤنٹی کے مئیر لی شیانگ، ڈپٹی مئیر سن دیشی، چیف ایڈوائزر کن لیزنگ اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشم نے بھی کانفرنس میں شرکت کی، اس موقع پر چین اور پاکستان کے مابین زراعت، جانوروں کی افزائش اور ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مختلف مفاہمتی یادداشتیں بھی طے پائیں ۔ لینیائی ٹریڈ سٹی ایڈمنسٹریٹو کمیشن کے ڈائریکٹر کو زونگ نے بھی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔