پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کے لئے اشاروں کی زبان کا عالمی دن 23ستمبرکو منایا گیا

147
World Sign Language Day
World Sign Language Day

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں سماعت سے محروم افراد کے لئے اشاروں کی زبان کا عالمی دن پیر23 ستمبر کو منایا گیا ۔اس دن کے منانے کا مقصد سماعت سے محروم افراد کے سماجی حقوق کے تحفظ اور ان کی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہےاشاراتی زبان سے مراد، جسم کے مختلف حصوں مثلاً ہاتھوں، انگلیوں اور کندھوں وغیرہ کی مدد سے گفتگو کرنا ہے۔ دسمبر 2017 کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے ذریعے، 2018 میں اقوام متحدہ نے پہلی دفعہ 23 ستمبر کو اشاروں کی زبان کا عالمی دن قرار دیا اور پہلی مرتبہ اس دن کا انعقاد 2018 میں کیا گیا تھا۔

مغربی ممالک میں تو 17 ویں صدی سے ہی اشاراتی زبان کی تعلیم کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، 1620 میں ایک ہسپانوی پادری نے بہرے لوگوں کو اشاروں کی مدد سے تقریر سکھانے کے موضوع پر ایک کتاب بھی لکھی تھی لیکن سائنسی دور میں ہم آج بھی اس حوالہ سے بہت پیچھے ہیں۔ڈبلیو ایف ڈی کے مطابق تقریباً 7.2 کروڑ افراد دنیا بھر میں بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔ سماعت سے محروم 80 فیصد افراد کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔

یہ لوگ مجموعی طور پر تقریباً 300 سے زائد زبانوں کی مدد سے اپنی روزمرہ کی زندگی میں گفتگو کرتے ہیں۔پاکستان میں تقریباً دو لاکھ 40 ہزار افراد قوت سماعت و گویائی سے محروم ہیں جو ملک میں موجود معذور افراد کا 7.4 فیصد ہیں۔اس دن کے حوالے سے مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور عام آدمی کو اس حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔