23.8 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاکستان میں سولر سسٹم کے ذریعے مہنگی توانائی سے نجات حاصل کی...

پاکستان میں سولر سسٹم کے ذریعے مہنگی توانائی سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے،انجینئر فرحان حسین

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 30 اگست (اے پی پی):ماہر قابل تجدیدتوانائی انجینئر فرحان حسین نے کہا کہ پاکستان میں سورج کی روشنی سے استفادہ کرتے ہوئے سولر سسٹم کے ذریعے مہنگی توانائی سے نجات حاصل اورتوانائی کے بحران کا خاتمہ کیاجاسکتاہے کیونکہ پاکستان وہ واحد خطہ ہے جس کے پانچوں صوبوں میں روزانہ سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمکتاہے لہٰذا متبادل سولر ذرائع سے استفادہ کرکے توانائی کے بحران سے نجات حاصل کرنے کیساتھ ساتھ سستی بجلی کی فراہمی سے کاروباری ترقی اور معاشی واقتصادی استحکام کی راہیں بھی ہموار کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پاکستان میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو اور ویسٹ سے بجلی کی پیداوار کے کثیر مواقع موجود ہیں جن سے خاطر خواہ استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولرسسٹم پائیدار اور اس کے مرمتی اخراجات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے متبادل ذرائع پیداوار نہ صرف قابل عمل بلکہ جدید دنیا کی ضروریات کے عین مطابق بھی ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ مطلوبہ مقدار میں سستی توانائی کی عدم دستیابی نے انڈسٹری کو شدید متاثر کیا ہے جس سے معاشی سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں بلکہ معاشی ترقی بھی رک گئی ہے اور یہ بات بھی عیاں ہے کہ مہنگی گیس و بجلی سے کاروباراور صنعتیں چلانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب پر 4.5 ڈالر فی واٹ کے قریب خرچ آتا ہے جبکہ اس کی فی یونٹ لاگت بھی بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کو گرین ٹیکنالوجی اور قدرتی ماحول کی ضرورت ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں اس پر بڑی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے چنانچہ پاکستان میں بھی ویسٹ کو کارآمدطریقے سے استعمال میں لا کر خاطر خواہ فوائد کا حصول ممکن ہے جس میں سے ایک بجلی کی پیداوار بھی ہے جس سے ماحول کو بھی بہتر کیا جا سکتا ہے نیزان اقدامات سے بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی بھی ممکن ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=384202

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں