پاکستان میں سٹارٹ اپ کلچر کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کانفرنس سے خطاب

164

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں سٹارٹ اپ کلچر کا بڑا رحجان ہے ،اس وقت کاروباری طبقے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ فنانسنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں تکنیکی ترقی اور نمو کے لئے وینچر کیپٹل کمپنیوں کے قیام کے لئے پروموشنل اقدامات سے متعلق منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایک روزہ کانفرنس کا اہتمام وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے کیا تھا جبکہ اس کی میزبانی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) نے مشترکہ طورپر کی تھی۔ کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد وینچر کیپٹل کمپنیوں کے لئے پالیسی فریم ورک تیار کرنا تھا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں سٹارٹ اپ کلچر کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے تاہم کاروباری طبقے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ مناسب فنانسنگ کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد سٹارٹ اپ کلچر اور کاروباری ترقی کے لئے مناسب مواقع فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں وینچر کیپٹل کمپنیوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے لئے ان شعبوں کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے جو ترقی کے حصول میں معاونت کا باعث بن سکتے ہیں۔کانفرنس سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید محمود بخاری، سیکرٹری سائنس وٹیکنالوجی ڈاکٹر اختر نذیر اور زین کیپٹل کے منیجنگ ڈائریکٹر فیصل آفتاب نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس کے انعقاد کے لئے معاون اداروں میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سٹیٹ بینک، وینچر کیپٹل کمپنیز، سٹارٹ اپس، انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن، وزارت تجارت، صنعت اور خزانہ کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو، انکیوبیشن سینٹرز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن شامل تھے۔

مالیاتی سال 2021ـ2022ء اور 2022ـ2023ء پرفارمنس ایگریمنٹ کے حصے کے طور پر وینچر کیپٹل کمپنیوں کے لئے ایک پالیسی اور فریم ورک شامل کیا گیا ہے، یہ ذمہ داری وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے دائرہ کار کا حصہ ہے جبکہ رولز آف بزنس 1973 کے مطابق”ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ اور گروتھ کے لئے وینچر کیپٹل کمپنیوں کے قیام کے لیے پروموشنل اقدامات شروع کرنا”ہے۔