اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان میں صحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند بیرون ملک مقیم ڈاکٹروں کی سہولت کے لئے سرمایہ کاری بورڈ میں ڈیسک قائم کیا جائے ، ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستانی اوریجن آف نارتھ امریکہ (اے پی پی این اے ) وزیراعظم کی قومی صحت ٹاسک فورس میں مناسب نمائندگی دے کر اس شعبہ میں ان کی گراں قدر مہارت سے استفادہ حاصل کریں ۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستانی اوریجن آف نارتھ امریکہ ( اے پی پی این اے) کے وفد نے یہاں ملاقات کی ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو پاکستان میں معیار ی صحت کے نظام کی فراہمی کے لئے بھاری سرمایہ کاری کرنی چاہئے ۔ وزیراعظم نے شمالی امریکہ کے صحت کے شعبہ میں (اے پی پی این اے ) کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے زیادہ سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اپنی طاقت کا استعمال کریں ۔ (اے پی پی این اے )کے صدر ڈاکٹر رضوان خالد نے کووڈ 19سے نمٹنے کے لئے حکومت کی نمایاں کامیابیوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی ۔
انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے ساتھ ساتھ ان کی سہولت کے لئے پاور آف اٹارنی کے لئے آن لائن سسٹم قائم کرنے پر وزیراعظم کاشکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان میں نہ صرف خیراتی اور فلاحی منصوبوں میں بلکہ صحت کے شعبہ میں موثر پالیسی سازی میں بھی اپنا حصہ ڈالیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں اس سلسلے میں سرکاری تعاون اور سہولت کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ (اے پی پی این اے )کو وزیراعظم کی قومی صحت ٹاسک فورس میں مناسب نمائندگی دے کر اس شعبے میں ان کی گراں قدر مہارت سے استفادہ حاصل کریں ۔
وزیراعظم نے پاکستان کے صحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند بیرون ملک پاکستانی ڈاکٹروں کی سہولت کے لئے سرمایہ کاری بورڈ میں ایک مخصوص ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شامل تھے ۔