اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن (پی جی اے) کا 45واں سالانہ فورم اور پارلیمنٹیرینز کی مشاورتی اسمبلی (سی اے پی-آئی سی سی) کا 13واں اجلاس قومی اسمبلی کی میزبانی میں 28 اور 29 اکتوبر کو پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پیپس)، اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ اس دو روزہ اجلاس میں عالمی امن و انصاف، موسمیاتی تبدیلیوں، اور دیگر اہم عالمی امور پر زیر غور لایا جائے گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اجلاس میں 39 ممالک سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، عالمی قانون دان، دانشور شرکت اور میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اس کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی پرامن اور جمہوری شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کامیاب پارلیمانی سفارتکاری کا بھی مظہر ہے۔ اجلاس کی افتتاحی تقریب 28 اکتوبر سوموار کو منعقد ہوگی، جسے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ افتتاحی تقریب میں اسپیکر کے علاوہ صدر پی جی اے سید نوید قمر اور صدر پی جی اے پاکستان سینیٹر شیری رحمان بھی خطاب کریں گی۔ اجلاس کے دوران مختلف موضوعات پر سات ضمنی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں عالمی امن، موسمیاتی تبدیلی، اور جمہوری اقدار کے فروغ جیسے موضوعات کے عالمی عدل و انصاف اور امن کے قیام میں پارلیمانوں کے کردار کو زیر بحث لایا جائے گا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس اجلاس کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، اور مہمانوں اور میڈیا کے نمائندوں کو دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں اس تقریب کا انعقاد پاکستان کے عالمی انصاف، انسانی حقوق، اور جمہوری اقدار کے فروغ میں کردار کی عکاسی کرتا ہے۔کثیر تعداد میں غیر ملکی پارلیمنٹیرینز اور دیگر معزز مہمانوں کی شرکت پاکستان کے ایک محفوظ، ترقی پسند، اور جمہوری اقدار کے حامی ملک ہونے کی واضح دلیل ہے۔ پاکستان نے عالمی امن کے قیام کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور وہ عالمی امن اور ترقی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔توقع کی جارہی ہے پی جی اے کا دو روزہ سالانہ فورم کایہ اجلاس پاکستان کے جمہوری اور پرامن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔