اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں عراقی سفارتخانہ کے تھرڈ سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر عراق کی وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈگریوں کو تسلیم کرنے پر مشاورت کی گئی اور عراقی جامعات اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عراقی سیکرٹری نے کہا کہ عراق میں پاکستان کی 31جامعات کی اسناد اور ڈگریاں تسلیم شدہ ہیں، ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈگریوں کو بھی تسلیم کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس یونیورسٹی میں اب بین الاقوامی طلبہ بھی داخل ہورہے ہیں اور یہاں صرف فاصلاتی نظام تعلیم نہیں بلکہ یہ جامعہ فیس ٹو فیس(آن کیمپس)اور آن لائن بھی تعلیم فراہم کر رہی ہے،
جس کے بعد خواہش پیدا ہوئی کہ عراقی نوجوان بھی پاکستان کی اس بڑی یونیورسٹی سے آن کیمپس تعلیم حاصل کریں۔عراقی سیکرٹری نے یقین دلایا کہ وہ اپنی رپورٹ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اسناد و ڈگریوں کو تسلیم کرنے کی سفارش کریں گے۔ ملاقات میں اِس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا شعبہ بین الاقوامی امور عراقی سفارتخانے کے تھرڈ سیکرٹری کو سرکاری مراسلے کے ذریعے یونیورسٹی کا تعارف اور ڈگریوں کو تسلیم کرانے کی درخواست کرے گا۔ تھرڈ سیکرٹری علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی درخواست کو عراق کی وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ڈگریوں کو تسلیم کرنے کے لئے اپنی سفارشات کے ساتھ ارسال کریں گے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے، یونیورسٹی بین الاقوامی طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتی ہے۔ عراقی سیکرٹری کو یونیورسٹی کی پروفائل پر بریفنگ دیتے ہوئے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ پاک عراق عوام کے مابین مذہبی، تاریخی اور ثقافتی وابستگی پائی جاتی ہے اور ہم تعلیمی اشتراک کے ذریعے تعلقات مزید مضبوط کرنے کا خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو سکول سطح سے پی ایچ ڈی سطح تک تعلیم فراہم کرتی ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے افسران بھی موجود تھے۔