پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیعی کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی بھرپور حمایت پر پاکستان کے ساتھ اظہار تشکر

305

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں اورایک خودمختار اور آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی جدوجہد میں ان کی بھرپور حمایت پر فلسطین کے عوام، مردوزن، بچوں، بزرگوں کی طرف سے پاکستان کے برادر عوام، اس کی عظیم فوج، تمام اعلیٰ قیادت صدر ووزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ، تمام وزرا، ارکان پارلیمان، جماعتوں کے قائدین کاتہہ دل سے مخلصانہ شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان خیلات کا اظہار فلسطینی سفیر نے اہل پاکستان کے نام اپنے خصوصی تہنیتی مراسلہ میں کیا اور کہا کہ میں تہہ دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے واشگاف اور شاندار الفاظ میں فلسطینی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے کے علاوہ نہتے او ربے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ظلم وبربریت اور جارحیت کی مذمت کی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کے لئے عالمی برادری پر زور دیا۔ انہوں نے خط میں مزید کہا کہ جنگ بندی، کشیدگی اور ظلم و بربریت کو ختم کرانے کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے آپ کی کوششوں کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ اتفاق رائے پیدا کرنے، رائے عامہ ہموار کرنے اور اس بحث کو صحیح رخ پر استوار کرنے میں پاکستان نے ایک انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ تاریخی کردار نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری دنیا یاد رکھے گی اور اس تاریخ کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک اور تاریخی دن جسے فلسطینی کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے، 21 مئی کا یوم یک جہتی فلسطین کا دن ہے ، فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت اور ظالمانہ حملوں کی مذمت کے لئے یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان نے کیا۔ پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ قرارداد منظور کی جس میں فلسطینی عوام پراسرائیل کے ”منظم جبرواستبداد“ کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔

فلسطینی سفیر نے کہا کہ میں پاکستان کی حکومت، پارلیمنٹ، این جی اوز اور مختلف جماعتوں کی جانب سے (فلسطینی) سفارت خانے آمد اور یک جہتی کے اظہار پر بے حد شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ہمارے نہتے لوگوں پر اسرائیلی قابض افواج کے حملوں، غیرقانونی اسرائیلی آبادکاری اور فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکل کی اس گھڑی میں قیمتی وقت نکال کر آپ نے ہمارے ساتھ یک جہتی کی۔ یہ تمام اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق اور عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ یہ ایک انسانی بحران ہے۔ فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کے اظہار پر میں پاکستان کے تمام لوگوں کا بے حد شکرگزار ہوں، اتحاد واخوت کے آپ کے پیغام نے محصور فلسطینیوں کے جذبے کو بڑھایا اور ان کے عزم کو ایک توانائی دی ہے۔

سفیر نے کہا کہ اگرچہ غزہ میں جنگ بند ہوگئی ہے لیکن آزادی کے حصول کی ہماری جدوجہد ابھی جاری ہے۔ انشا اللہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر اوران کے شانہ بہ شانہ ہم فلسطین کو آزاد کرائیں گے اور فلسطین کے القدس الشریف دارالحکومت میں مسجد اقصی میں مل کر نماز ادا کریں گے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے اور اللہ تعالی پاکستان کو اپنی رحمتوں میں رکھے۔