پاکستان میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اکٹھے ہی ہونے چاہئیں،جس کیلئے ن لیگ مکمل تیار ہے، انجینئر خرم دستگیر خان

141

گوجرانوالہ۔ 09 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اکٹھے ہی ہونے چاہئیں،جس کیلئے ن لیگ مکمل تیار ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کو عوام کے منتخب ایوان نے مسترد کردیا ہے۔سپریم کورٹ کے لاجر بنچ نے چیف جسٹس کے از خود نوٹس کو 4-3سے مسترد کردیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر آنیوالے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی ذاتی انا و تسکین کیلئے قبل از وقت انتخابات نہیں کرواسکتے نہ ہی موجودہ حالات میں ملک باربار انتخابات کا متحمل ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن پاکستان کی مقبول ترین عوامی جمہوری جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقتدار میں آکر ملک وقوم کو بحرانوں سے نجات دلائی۔قائد عوام میاں نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔