پاکستان میں لسٹڈ ادویہ سازی کے شعبہ کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 78 فیصد اضافہ

پاکستان میں لسٹڈ ادویہ سازی کے شعبہ کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 78 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سال 2025 کے دوران شعبہ کا منافع 42.2 ارب روپے تک بڑھ گیا۔

اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):پاکستان میں لسٹڈ ادویہ سازی کے شعبہ کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 78 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سال 2025 کے دوران شعبہ کا منافع 42.2 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق سال 2024 کی آخری سہ ماہی کے مقابلہ میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران ادویہ سازی کے شعبہ کے منافع میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور شعبہ کا منافع اکتوبر تا دسمبر 2024 میں کمائے گئے 9.3 ارب روپے منافع کے مقابلہ میں اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران 14.2 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

رپورٹ کے مطابق ادویہ سازی کے شعبہ کی خالص سیلز میں بھی گزشتہ سال 2025 کے دوران 14 فیصد کی بڑھوتری واقع ہوئی اور شعبہ کی سیلزسال 2024 کی 319.6 ارب روپے کے مقابلے میں سال 2025 میں 365.7 ارب روپے رہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 2025 کے دوران ایبٹ کی سیلز مجموعی فروخت کا 21 فیصد جبکہ گلیسکو 18 فیصد، ہیلیون 12 فیصد اور دی سیریل کی سیل 8 فیصد رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کے لئے ادویہ سازی کے لسٹڈ شعبہ کی جانب سے 21.1 ارب روپے مالیت کے ڈیویڈنڈز کی ادائیگیاں کی گئی ہیں جبکہ 2024 کے دوران ادائیگیوں کا حجم 12 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔