پاکستان میں ماحولیاتی منصوبے جنوبی ایشیا کے لئے اہم مثال ہیں، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی کا ڈبلیو ڈبلیو ایف کانفرنس سے خطاب

121

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان میں ماحولیاتی منصوبے جنوبی ایشیا کے لئے اہم مثال ہیں، حکومت پاکستان عالمی شمولیت اور پائیداری کے عزم پر قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ڈبلیو ڈبلیو ایف کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ماحولیاتی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پروگرام ماحولیاتی استحکام کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تعاون سے صنعتوں کی کارکردگی اور مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے کہا کہ بین الاقوامی پروگرامز کے نتائج کو آگے لے جانا ضروری ہے، ماحولیاتی تبدیلی پر میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ یہ پروگرام صنعتوں کی مؤثریت اور ترقی کا سبب بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پر شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستانی صنعتوں کو عالمی معیار پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، میڈیا عوام تک درست پیغام پہنچانے کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی مارکیٹ میں مزدوروں کے مواقع کو فروغ دینا ہوگا۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ عالمی تعاون پاکستان کے ماحولیاتی منصوبوں کی کامیابی کا راز ہے، پاکستان میں ماحولیاتی استحکام کے لئے جامع پالیسیوں کی ضرورت ہے، حکومت ماحولیاتی استحکام اور ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون صنعتوں کو پائیدار بنانے میں مددگار ثابت ہوا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات سے صنعتی ترقی میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کو عالمی معیار کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا جائے گا۔