اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وزارت قانون و انصاف کے زیر انتظام قائم ادارہ انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (آئی ایم اےسی)اور مدینہ فاؤنڈیشن کے درمیان جمعہ کو وزارتِ قانون و انصاف میں ایک باوقار تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ یہ معاہدہ پاکستان میں متبادل نظامِ انصاف (اے ڈی آر ) کے میدان میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔وزارت …
پاکستان میں متبادل نظامِ انصاف کے فروغ کیلئے وزارت قانون و انصاف کے ذیلی ادارہ آئی ایم اے سی اور مدینہ فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وزارت قانون و انصاف کے زیر انتظام قائم ادارہ انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (آئی ایم اےسی)اور مدینہ فاؤنڈیشن کے درمیان جمعہ کو وزارتِ قانون و انصاف میں ایک باوقار تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
یہ معاہدہ پاکستان میں متبادل نظامِ انصاف (اے ڈی آر ) کے میدان میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔وزارت قانون کی جانب سےجاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے دسمبر 2024 میں آئی ایم اے سی کے قیام سے لے کر اب تک کی پیشرفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے اب تک 600 سے زائد سٹیک ہولڈرز کو تربیت فراہم کی ہے جن میں ججز، وکلاء، سول سرونٹس اور کاروباری رہنما شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ عدالتی نظام مقدمات کے بوجھ، عدالتی تاخیر اور مہنگے عدالتی عمل کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، ان حالات میں اے ڈی آر ایک بروقت، کم لاگت اور عوام دوست متبادل کے طور پر ابھرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت صرف ایک رسمی اقدام نہیں بلکہ ملک بھر میں اے ڈی آر کو ادارہ جاتی بنیادوں پر رائج کرنے کی ایک حکمت عملی پر مبنی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزارتِ قانون و انصاف آئی ایم اے سی کو اس وژن کی تکمیل میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ سینئر کنسلٹنٹ وزارتِ قانون و انصاف اور پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایم اے سی عائشہ رسول نے مدینہ فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت اے ڈی آر کو ادارہ جاتی،
پیشہ وارانہ اور کمیونٹی سطح پر فروغ دینے میں معاون ہوگی۔ انہوں نے اس شراکت داری کو اس بات کی بہترین مثال قرار دیا کہ پبلک پرائیویٹ تعاون کس طرح بامعنی قانونی اصلاحات اور سماجی انصاف کے فروغ میں کردار ادا کر سکتا ہے۔مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد حیدر امین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور فاؤنڈیشن کی قانونی شعور، تعلیم اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں طویل خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ایم اے سی کے ساتھ شراکت داری سے پیشہ وارانہ اور کمیونٹی سطح پر انصاف تک رسائی کو فروغ ملے گا۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے اے ڈی آر سے متعلق تربیتی پروگرامز، قانونی ماہرین کی استعداد کار میں اضافہ، مشترکہ تحقیق اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں میں باہمی تعاون کریں گے تاکہ پاکستان میں پرامن تنازعاتی حل کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب میں وزارتِ قانون و انصاف سے خشی الرحمان، اویس نعمان کنڈی، ڈاکٹر ذوالفقار حسین اعوان، جام عمیر احمد اور خرم شہزاد مغل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ مدینہ فاؤنڈیشن کی نمائندگی ڈاکٹرمحمد ابوبکر، خالد محمود، حامد محمود اور عرفان الدین محسود نے کی۔








