ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس-II پشاور نے ماہِ ستمبر کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی مد میں مقررہ ہدف سے 95 لاکھ روپے زائد ریکوری حاصل کی۔محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ستمبر کے لیے 6 کروڑ 75 لاکھ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس۔II پشاور کی ستمبر میں مقررہ ہدف سے 95 لاکھ روپے زائد پراپرٹی ٹیکس ریکوری

مزید خبریں
پشاور۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس-II پشاور نے ماہِ ستمبر کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی مد میں مقررہ ہدف سے 95 لاکھ روپے زائد ریکوری حاصل کی۔محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ستمبر کے لیے 6 کروڑ 75 لاکھ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس-II نے 7 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری حاصل کی، جو مقررہ ہدف کا تقریباً 114 فیصد بنتی ہے۔سید الامین، ڈائریکٹر پشاور ریجن کی ہدایات کی روشنی میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر-II توصیف خان کی زیر صدارت ماہِ ستمبر کی پراپرٹی ٹیکس ریکوری اور مقررہ ہدف کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ریکوری، مقررہ اہداف اور متعلقہ افسران و فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ای ٹی او-II توصیف خان نے افسران اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ محصولات کی وصولی کے لیے اسی جذبے اور محنت کو برقرار رکھا جائے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات کی وصولی کے لیے مؤثر اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔دریں اثنا،ڈائریکٹر پشاور ریجن سید الامین کی خصوصی ہدایت پر ای ٹی او-II توصیف خان اور متعلقہ افسران نے سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات، موجودہ ریکوری کی صورتحال اور متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایکسائز حکام نے پراپرٹی ٹیکس کے واجب الادا بقایاجات اور ریکوری کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ٹیکس واجبات کی بروقت ادائیگی، بقایاجات کی وصولی میں درپیش مسائل، متعلقہ ریکارڈ کی دستیابی اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ای ٹی او-II توصیف خان نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن صوبے میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی صوبائی محاصل میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات کی وصولی کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے درمیان رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ متعلقہ ریکارڈ اور ضروری معلومات کے بروقت تبادلے کے ذریعے ریکوری کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات کی وصولی اور متعلقہ امور میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔







