پاکستان میں مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ کی شرح 2.7 فیصد ریکارڈ، فی کس آمدن میں اضافہ ، قومی اقتصادی سروے

30
Economic Survey

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):قومی اقتصادی سروے 2024-25ء کے مطابق جاری مالی سال کے دوران پاکستان میں مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ کی شرح 2.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ فی کس آمدنی بڑھ کر 1824 ڈالر ہو گئی۔ پیر کو جاری سروے کے مطابق اس وقت پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار 114692 ارب روپے تک پہنچ گئی، گذشتہ سال پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار 105143 ارب روپے تھی۔

فی کس آمدنی میں مجموعی طور پر 9.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔ گذشتہ سال فی کس آمدنی 1662 ڈالر تھی جو اس سال بڑھ کر 1824 ڈالر ہو گئی۔ معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور مستحکم ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔ جی ڈی پی کے تناسب سے سرمایہ کاری کی شرح 13.8 فیصد اضافہ ہوا۔

گذشتہ سال اضافہ کی شرح 13.1 فیصد تھی۔ جی ڈی پی کے تناسب سے بچتوں کی شرح 14.1 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بڑی فصلوں کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے زراعت کی ترقی کی شرح 0.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صنعتی شعبہ نے 4.77 فیصد کی شرح سے ترقی کی۔

اسی طرح خدمات کے شعبہ میں نمو کی شرح 2.91 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی قومی پیداوار میں خدمات کے شعبہ کا حصہ 58.40 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔