لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے بدھ کو متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا ۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمن نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وقف اور ٹرسٹ املاک کی دیکھ بھال اور آمدن کے حسابات کا ذمہ دار ہے۔
پاکستان بھر میں ایک لاکھ ایکڑ 9 ہزار ایکڑ زرعی و غیر زرعی اراضی موجود ہے، ادارے کے زیر انتظام 11 ہزار 495 رہائشی و کمرشل یونٹس اور 19 پلازے موجود ہیں،99 فیصد املاک اور 92 فیصد زمینوں کی جیو ٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے۔ پاک بھارت معاہدے کے تحت 7 ہزار 500 سکھ جبکہ ایک ہزار ہندو یاتری پاکستان آتے ہیں۔بورڈ غیر مسلم طلباء کو 13 ملین کے تعلیمی وظائف دے رہا ہے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ متروکہ املاک کے کرائے مارکیٹ ریٹ کے مطابق کیے جائیں،بھارت سے آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوں کی تعداد بڑھائی جائے گی،بورڈ غیر مسلم طلباء کے وظائف کو بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ بورڈ املاک کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرنے کیلئے فوری اقدام کرونگا اوربورڈ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر بات کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج جانا چاہیے،پاکستان آنے والے یاتریوں کو بھرپور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ میں پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کا بھی ہے، کچھ عناصر پاکستان کو بدنام کرنے کے درپے ہیں ان کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔