20.5 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 17, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان میں معدنیات کی تلاش اور ترقی کے لئے مختلف حکومتی اور...

پاکستان میں معدنیات کی تلاش اور ترقی کے لئے مختلف حکومتی اور غیرملکی کمپنیوں کے مابین مفاہمت کی یادداشتیں اور معاہدے طے پا گئے

- Advertisement -

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):پاکستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبہ کی ترقی اور معدنی وسائل کے فروغ کیلئے مختلف حکومتی اور غیرملکی کمپنیوں کے مابین مفاہمت کی یادداشتیں اور معاہدوں طے پا گئے ہیں ۔ منگل کو یہاں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے موقع پر ایم او یوز اور معاہدوں کا تبادلہ کیا گیا۔ وزیراعظم محمدشہبازشریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وزراء اعلیٰ معدنیات کے شعبے میں مختلف مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے ۔

سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے زیراہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب میں دنیا بھر سے 300 سے زائد مندوبین شریک ہیں۔ اس موقع پر جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور چائنہ جیالوجیکل سروے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا جس کے تحت جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور چائنہ جیالوجیکل ملک میں معدنی وسائل کی تلاش کے اقدامات کریں گے۔ اسی طرح جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور برطانیہ کی جیو سائنس سروسز نے بھی ایم او یو کا تبادلہ کیا جس کے تحت معدنیات اور کان کنی کے شعبہ میں معیار کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

- Advertisement -

فورم کے موقع پر جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور روس کی جے ایس سی کمپنی کے درمیان جیوسائنٹیفک ریسرچ کے حوالہ سے بھی ایم او یو کا تبادلہ کیا گیا۔ مزید برآں جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کمپنی نے معدنیات اور کان کنی کے شعبہ میں ڈیجیٹائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ کیلئے ایم او یو کا تبادلہ کیا جبکہ اس موقع پر بلوچستان کے کان کنی اور معدنیات کے محکمہ اور چینی کمپنی ای سی سی کے درمیان بھی ایم او یو کا تبادلہ کیا گیا۔ ماڑی منرلز اور لیبیا مائننگ جبکہ پی پی ایل اور میٹسو کے علاوہ پی پی ایل اور بارٹی لمیٹڈ کے درمیان بھی ایم او یوز کا تبادلہ کیا گیا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025ء کے موقع پر بلوچستان میں تر قیاتی منصوبوں کیلئے ایف ڈبلیو او، نارن مائننگ، بی ایم آر ایل اور مقامی عمائدین کے درمیان بھی ایم او یو کا تبادلہ کیا گیا۔ فورم کے موقع پر کئے گئے باہمی تعاون کے معاہدوں میں ایف ڈبلیو اور آذربائیجان کی کمپنی آذر گولڈ، معدنی ذخائر کی تلاش کیلئے او جی ڈی سی ایل اور این آر ایل کے مابین مفاہمت کی یادداشت بھی شامل ہے۔ مزید برآں ایم ایس پی اور بیرک گولڈ کے درمیان پاکستان منرلز سکیورٹی شراکت داری کیلئے بھی ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔ فورم کے انعقاد سے پاکستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبوں کی ترقی جبکہ برآمدات کے فروغ سے قومی معیشت کے استحکام میں بھی مدد ملے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579484

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں