اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا پہلا اور واحد منکی پوکس کا مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوگیا ہے اور اسے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے ترجمان کی طرف سے اتوار کے روز جاری بیان کے مطابق مریض کی رپورٹس منفی آئیں، جسے علاج کے لیے پمز میں داخل کرایا گیا تھا۔ مریض کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عبدالقادر پٹیل نے ایک بیان میں کہا کہ اب پاکستان میں منکی پوکس کا کوئی مریض نہیں ہے۔انہوں نے مریض کو غیر معمولی دیکھ بھال فراہم کرنے پر ہسپتال کے عملے کی تعریف کی۔ عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ وزارت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ رکھتے ہوئے صورتحال پر محتاط نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز نے پہلے ہی صحت کے حکام کو ایم پوکس (منکی پوکس) ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ ملک میں حالیہ کیسز کی نشاندہی پر تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اندرون ملک آنے والے مسافروں کی اسکریننگ میں اضافہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے مشتبہ کیسز کے مجموعی طور پر 22 نمونے ریفر کیے گئے اور منکی پوکس وائرس کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے تاہم کوئی مثبت کیس سامنے نہیں آیا۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے کیونکہ حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ لیبارٹری تشخیص، کانٹیکٹ ٹریسنگ، مشتبہ کیسز اور انفیکشن کے کلسٹرز کی تیزی سے شناخت کے ساتھ ساتھ انفیکشن کے ذرائع کی نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کلینیکل دیکھ بھال فراہم کی جاسکے۔