پشاور۔23دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر نے بدھ کے روز گورنر ہاس پشاور میں مسیحی برادری کی جانب سے منعقدہ کرسمس کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں اقلیتی رکن قومی اسمبلی جمشید تھامس، اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی ولسن وزیر اور مسیحی برادری کے مرد و خواتین نے شرکت کی. تقریب میں قومی ترانہ اور کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری کی خصوصی دعا اور کرسمس گانا بھی سنایا گیا۔ تقریب سے خطاب میں مسیحی اکابرین نے پاکستان میں تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کے مذہبی و شخصی آزادی پر موجودہ حکومتی قیادت کے اقدامات کو سراہااور مملکت پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے متحدرہنے کے عزم کا اظہارکیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخو کا کہنا تھا کہ صوبہ میں دہشتگردی سمیت تمام مشکل حالات کے باوجود مسلمانوں اور مسیحی برادری کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں موجود تمام اقلیتوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مذہبی رسومات اورتہوارآزادی سے منائیں اورموجودہ ملکی قیادت اقلیتوں کے فلاح وبہبود اورمذہبی حقوق کے تحفظ کیلئے مثالی اقدامات اٹھارہی ہے۔ گورنرنے اس موقع پراقلیتی قومی وصوبائی اراکین اسمبلی کے ساتھ ملکر کرسمس کاکیک بھی کاٹا اور مذہبی تہوار پرمسیحی برادری کو مبارکباد دی۔