پاکستان میں واڈا قوانین پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے،احسان الرحمان مزاری

169

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری نے کہاہے کہ پاکستان میں واڈا قوانین پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کھلاڑیوں میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی روک تھام اورشعور کو اجاگر کرنے سمیت نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی پاکستان میں تشکیل دیدی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا کے شہر کولمبو میں ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے زیر اہتمام کھیلوں میں اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے منعقدہ 18ویں ایشیا اوشیانا انٹر منسٹریل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کے شرکاء کو کھیلوں میں ممنوعہ جسمانی ادویات کے استعمال سے ہونے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا گیا جو کھیلوں کی دنیا میں ایک وبا کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ کانفرنس میں رکن ممالک کی جانب سے واڈا کی جانب سے دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر احسان مزاری نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے واڈا قوانین کو قانونی کور دیا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں میں ڈوپنگ اور اینٹی ڈرگ سے متعلق شعور کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کو بھی تشکیل دیدیا گیا ہے جو متحرک طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واڈا قوانین پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اس متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ ڈوپنگ سے متعلق زیرو ٹالرنس یقینی بنانے کیلٸے پاکستانی اتھلیٹس کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممنوعہ ادویات کا استعمال اتھلیٹس کیلئے انتہائی نقصان دہ عمل ہے اور جو بھی کوئی اس میں ملوث ہوتا ہے اس کے خلاف سخت ایکشن کیا جاتا ہے۔ کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسان مزاری نے مختلف ممالک کے وزراء کھیل سے بھی ملاقاتیں کیں اور کھیلوں کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔