اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈ اکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا،اس شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کو مسیحی برادری کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں ۔
ڈ اکٹر جوزف ارشد نے اپنے بیان میں کہاکہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرکے ثابت کیاہے کہ وطن عزیز پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور اگر کھلاڑیوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو وہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرسکتے ہیں ۔ڈ اکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ ارشد ندیم نے جشن آزادی کے موقع پر طلائی تمغہ جیت کر قوم کو تحفہ دیا۔