پاکستان میں پلازما کی تیاری کیلئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

165

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):پاکستان میں پلازما کی تیاری کیلئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیے گئے،جس کا مقصد پاکستان کے پلازما سیکٹر کو مرحلہ وار طریقے سے فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط بلڈ کینسر تھلیسیمیا کی بیماری کے حوالے سے انتہائی اہم ہے اور حکومت پاکستان میں مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے پلازما پر مبنی علاج کی اہم ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔

ترجمان وزارت صحت نے جمعرات کو بتایا کہ متحدہ عرب مارات میں پا کستان میں پلازما جمع کرنے کو فروغ دینے کے لیے حیات بائیوٹیک اور شیخ احمد دلموک المکتوم کے دفتر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب میں شریک وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پاکستان میں زیادہ مضبوط اور تکنیکی طور پر پلازما جمع کرنے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حکومتی عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پلازما کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید بین الاقوامی تعاون کی راہ ہموار کر تی ہے ۔

پلازمہ کی سپلائی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے، حیات بائیوٹیک پاکستان میں قومی صحت کی خدمات کی وزارت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ ملک کے اندر پلازما جمع کرنے کا مکمل ادارہ قائم کر کے قومی قلت کو دور کیا جا سکے۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پلازما وہ بنیادی جزو ہے جو پلازما سے ماخوذ دواسازی کی مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے اور پلازما جمع کرنے کا شعبہ بڑی تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے مریضوں کی بڑی تعداد کی زندگی کے بہتر معیارکے لیے پلازما پر مبنی علاج پر بہت زیادہ انحصارہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر، COVID-19 کی وجہ سے پلازما کی فراہمی میں کمی واقع ہوئی ہے، صحت کے شعبے میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے ایک مشن کے طور پر کام جاری ہے،صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں ۔