اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ہائیڈر و پاور،پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ ڈاکٹر انجینئر منور اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے قومی گرڈ سسٹم میں کلین اینڈگرین انرجی شامل کرنے کے لیے ملک میں پن بجلی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے،قدرت کی جانب سےپاکستان کو ہائیڈل اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کے بہت بڑے وسائل سے نوازا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کےموقع پر آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر انجینئر اظہر اسلام سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ مقامی وسائل خصوصاً ہائیڈل، ہوا اور شمسی توانائی سے توانائی پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار آگے آئیں اور کلین اینڈ گرین انرجی میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ منور اقبال نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے نے اب تک انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ذریعے نیشنل گرڈ میں 18,000 میگاواٹ سے زیادہ بجلی کامیابی کے ساتھ شامل کی ہے جو کل نصب شدہ صلاحیت کا تقریباً 50 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی آئی بی اس سلسلے میں سرمایہ کاروں اور قرض دہندگان کو ون ونڈو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت توانائی کے شعبہ میں ہائیڈل کا حصہ 25 فیصد، شمسی توانائی کا حصہ 6 فیصد اور تھرمل کا 69فیصد ہے۔ ڈاکٹر منور اقبال نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع اور ہائیڈل وسائل کے ذریعے 62 فیصد توانائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی وسائل کے استعمال سے اگلے 10 سالوں میں سسٹم میں مزید گرین انرجی شامل ہو جائے گی۔ اس موقع پر قائم مقام صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر اظہر اسلام نے کہا کہ سستی توانائی کی دستیابی کاروبار میں آسانی پیدا کرتی ہے، لہذا حکومت کو چاہیے کہ توانائی کی کل پیداوار میں پن بجلی کا حصہ بڑھانے پر خصوصی توجہ دے جائے جس سے پیداواری لاگت میں کمی واقع ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دینے میں سہولت حاصل ہوگی۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان میں پانی، ہوا اور شمسی توانائی سمیت قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی بے شمار صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی صاف اور ماحول دوست ہوتی ہے ۔