پاکستان میں چائنیز اسٹڈیز کے پیٹرن اور سابق سفیر سید حسن جاوید کی سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر محمد اکبر علی خان سے ملاقات

42

کراچی۔ 04 جولائی (اے پی پی):پاکستان میں چائنیز اسٹڈیز کے پیٹرن اور سابق سفیر سید حسن جاوید نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر محمد اکبر علی خان سے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور اورعصرِ حاضر کے تعلیمی اور سماجی مسائل کے موضوع پرتبادلہ خیال کیا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران نامور مصنف حسن جاوید نے چانسلر اکبر علی خان کو اپنی کتاب پاکستان 21ویں صدی میں کے علاوہ سابقہ تصنیف انڈیا اور پاکستان میں نیشن بلڈنگ پیراڈکسز کی ایک کاپی بھی پیش کی جبکہ چانسلر اکبر علی خان نے بھی حسن جاوید کو محمد ذاکر علی خان کی تصنیف کردہ کتاب روایاتِ علیگڑھ پیش کی۔

اس موقع پرسرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل حق اور چیف سیکیورٹی آفسر کیپٹن (ر)پرویز اقبال بھی موجود تھے۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان نے یونیورسٹی میں ترقیاتی کاموں کو مستقل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے عصرِ حاضر کے تعلیمی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے پالیسی وضع کی ہے جو جدید ہائیر ایجوکیشن کے تازہ ترین رحجانات کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد جدت اور مطابقت کو برقرار رکھنا ہے جو سرسید یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے طلبا ء کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید طرز فکر کے ساتھ یونیورسٹی اس بات کو یقینی بنا رہی ہے

کہ اس کے گریجویٹس نہ صرف اپنے کیریئرز کے لیے بخوبی تیار ہوں بلکہ اپنے شعبوں میں سبقت حاصل کرنے کے لیے بھی بااختیار ہوں۔