اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بدھ کو نیشنل ایکشن پلان سیکرٹریٹ میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالہ سے قائم سیل کا دورہ کیا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چینی سفیر اور ان کی ٹیم کا نیشنل ایکشن پلان سیکرٹریٹ آمد پر استقبال کیا۔ چینی سفیر کو حکومت کی طرف سے چینی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے حوالہ سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس حوالہ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور چینی شہریوں کی حفاظت ہمارے مشترکہ مفادات ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعاون، عزم اور اعتماد سے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی، باہمی روابط سے پاک۔چین دوستی مضبوط ہوگی، خطے میں مزید خوشحالی، سرمایہ کاری اور ترقی آئے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور جاری منصوبوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ پاک۔چین دوستی نے ہر دہائی بدلتے بین الاقوامی منظر نامے کی آزمائش کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود گیم چینجر سی پیک منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ملک میں محفوظ ماحول ضروری ہے، سکیورٹی میکانزم کی بہتر نگرانی اورعملدرآمدکو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکیوں کی حفاظت کے لئے فارن نیشنلز سکیورٹی سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، سکیورٹی کی صورتحال کا مسلسل جائیزہ لینے کیلئے ایپکس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، سکیورٹی سے متعلق ایپکس کمیٹیوں کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی کامیابی کے لئے چینی باشندوں کی حفاظت ناگزیر ہے، وزیراعظم پاکستان اور چینی صدر کے درمیاں حالیہ بات چیت میں بھی اس پہلو پر زور دیا گیا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین ترقی کے مزید منصوبے پاکستان لائے گا، پاکستان کی تیز ترقی کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے فارن نیشنلز سکیورٹی سیل کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ چینی منصوبوں اور شہر یوں کی حفاظت کے لئے بہت احسن قدم ہے، چینی سفارتخانے اور سکیورٹی سیل کے درمیان روابط بڑھنے سے مشترکہ مقاصد حاصل کرنے میں بہت آسانی ہوگی۔ بریفنگ میں سیکرٹری وزارت داخلہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔