پاکستان میں چین کے سفیر کا پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستان پوسٹ سے اظہار تشکر

126

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستان پوسٹ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید دوام بخشے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان پوسٹ کی طرف سے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سلاگرہ کے موقع پر خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ کے اجراءکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، چین اور پاکستان پراعتماد اور آزمودہ دوست ہیں اور دونوں ممالک دوستی کے لازوال تعلقات اور باہمی تعاون کے حوالہ سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 مئی 1951 کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مستحکم سے مستحکم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت ان تعلقات کو افق کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے پرعزم اور کوشاں ہے ۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے جاری یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو دوام بخشے گا اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس موقع پر دونوں ممالک کے عوام کو سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔