پاکستان میں کرپشن کا سورج طلوع کرنے والے لندن میں غروب ہو چکے ہیں، شہباز شریف پارٹی کے اندر ہونے والی ناانصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کر کے نہ نکالیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

64

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کا سورج طلوع کرنے والے لندن میں غروب ہو چکے ہیں، شہباز شریف پارٹی کے اندر ہونے والی نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں، شہباز شریف پہلے طے کر لیں کہ وہ پارٹی کے ”اندر“ ہیں یا بڑے میاں نے اپنوں کے ذریعے ”باہر“ کر دیا ہے، پی ایم ایل این کی سیاست کو بڑے میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی نے دفن کر دیا ہے، یہ پاکستان کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، اگر یہ اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے، عوام اگر اقتدار عمران خان کو دیں تو ان سے برداشت نہیں۔

ہفتہ کو شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنہیں سرکاری وسائل اور پروٹوکول استعمال کرنے کی دہائیوں پر محیط لت لگی ہو وہ اقتدار و اختیار کے بغیر ایسے ہی تڑپتے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔ اگر ملک میں آج مہنگائی ہے تو اس کی وجہ آپ کی اربوں کھربوں کی کرپشن اور غیر ملکی قرضے ہیں جو آپ ذاتی مفاد کے لئے لیتے رہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا اپنی سیاسی انا کی تسکین کیلئے جمہوری نظام سے نہ کھیلیں، انہیں سابقہ دور میں قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقاریر کیوں نہیں یاد آ رہیں؟ اپنی ایک پلیٹ حلوے کے لئے پوری دیگ کیوں الٹانا چاہتے ہیں؟

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف اپنے بھائی اور مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف کے ساتھ وہی سلوک کر رہے ہیں جو زرداری اور بلاول نے مل کرمولانا فضل الرحمان سے کیا ہے۔ مولانا کو اپنی یہ عزت افزائی کبھی نہیں بھولنی چاہئے، مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں۔