اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، نوجوانوں کی بھرپور صلاحیتوں، ابھرتی ہوئی معیشت اور عالمی مالیاتی اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے پیش نظر پاکستان کرپٹو انڈسٹری میں تیزی سے نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں، ترسیلات زر کو ڈیجیٹلائز کرنے کے طریقے تلاش کئے جا رہے ہیں تاکہ حکومت اور عوام دونوں کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں وزارت خزانہ میں پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف اور چیس ہیرو بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کرپٹو کے حوالے سے پاکستان میں موجود مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹو کونسل کے قیام سے پاکستان میں ایک نئی اختراعی پیشرفت ہوئی ہے۔ کرپٹو کے شعبے میں ریگولیٹری فریم ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل ایک بڑا پلیٹ فارم ہے جو ڈی سینٹرلائزڈ فنانس پروٹوکول کے تحت ریگولیشن اور اسٹیبل کوائنز کے شعبوں میں نمایاں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے پاکستان میں کرپٹو ریگولیٹری فریم ورک کو مستحکم اور موثر بنانے میں مدد ملے گی اور نوجوان طبقہ اس اہم شعبے میں بھرپور انداز میں شریک ہو سکے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں فعال بنا کر ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان آتی ہیں اور ان ترسیلات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے طریقے تلاش کئے جا رہے ہیں تاکہ حکومت اور عوام دونوں کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹو کے شعبے میں پاکستان نے بہت کم عرصے میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور آج کے اس تعاون سے پاکستان میں کرپٹو کے مواقع مزید وسعت اختیار کریں گے۔ عطاءاللہ تارڑ نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او اور وزیر خزانہ کے مشیر بلال بن ثاقب نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ یہ اشتراک پاکستان میں جدید مالیاتی ٹیکنالوجیز کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ یہاں کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل اور پاکستان کرپٹو کونسل کا یہ اشتراک مستقبل میں مثبت نتائج دے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ تقریب میں ورلڈ لبرٹی فنانشل کے چیس ہیرو اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے معاہدے پر دستخط کئے۔