اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں بالخصوص ٹینس کی سرگرمیوں میں وفاقی حکومت کی موثر شمولیت اور سرپرستی نہایت ضروری ہے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کھیلوں کو فروغ دینا ’’برانڈنگ پاکستان‘‘ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایمرجنگ پاکستان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ 2025 کی انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو کہ وزارت تجارت کے تعاون سے اسلام آباد میں پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب میں وزیر تجارت نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسی سرگرمیوں کی ذمہ داری لے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور حکومتی تعاون کے ساتھ ہمیں ٹینس کو فروغ دینا ہے۔ یہ ’’برانڈنگ پاکستان‘‘ ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، شرکاء اور فاتحین کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں، جیتنے والوں، منتظمین اور دیگر متعلقہ افراد میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔جام کمال خان نے خصوصی طور پر عقیل خان کو چیمپئن شپ جیتنے پر اور مزمل خان کو رنر اپ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کی کامیابی پاکستان میں ٹینس کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ اور جوش و جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کی کامیابی ہمارے اندر موجود صلاحیتوں کا ثبوت ہے اور ہم مستقبل میں ایسی مزید سرگرمیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، کھیلوں کے ذریعے پاکستان کی برانڈنگ ہماری قومی ترجیح ہے۔تقریب میں سیکرٹری سپورٹس، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور معروف ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے بھی شرکت کی ۔