پاکستان میں ہنگری کے سفیر کی چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات

152

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے منگل کو یہاں کمیشن سیکرٹریٹ میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی۔ منگل کو ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلیمی تعاون کے مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر مختار احمد نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلیمی شراکت داری کو تسلیم کیا جس میں 2016 سے پاکستانی شہریوں کو وظائف کی پیشکش بھی شامل ہے۔

سفیر نے چیئرمین ایچ ای سی کو بتایا کہ سالانہ پیش کئے جانے والے وظائف کی تعداد 200 سے بڑھا کر 400 کر دی جائے گی اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) 2023 سے 2025 تک موثر رہے گی۔فازیکاس نے ڈگری کورسز کے علاوہ ہنر پر مبنی تعلیم میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر مختار احمد نے اس بات سے اتفاق کیا کہ عالمی معیشت تیزی سے مہارت پر مبنی روزگار پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، اور ہنگری میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور ہنگری کی مہارتوں پر مرکوز یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کی تجویز دی۔

ہنگری کے سفیر نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان اور ہنگری کے پاس تحقیق اور ترقی کے لئے یکساں ترجیحی شعبے ہیں خاص طور پر زراعت، ویٹرنری سائنسز، اسپورٹس سائنسز، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے درمیان بہترین طریقوں کے تبادلے کو فروغ دینے کے لئے ایک فورم بنانے کی تجویز بھی دی۔

فازیکاس نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگری پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مفادات پر استوار ہے اور اسی تناظر میں پاکستان ہنگری ایلومنائی نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے، یہ نیٹ ورک ثقافتی تبادلے اور افہام و تفہیم کو فروغ دیتا ہے، رکاوٹوں کو توڑنے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے۔