اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اسلام آباد میں آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش اختتام پذیر ہوگئی۔ ملک بھر کے آرٹسٹوں کے 100 سے زائد بہترین فن پارے نمائش میں رکھے گئے تھے ۔ سدرہ بابر کے فن پاروں کے خصوصی شو نے بھی نمائش کو چار چاند لگائے۔ نمائش کی کیوریٹر سدرہ بابر اور عدیلہ شاہد تھیں۔نمائش میں مختلف طبقہ فکر کے افراد نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔نامور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ دانشوروں،صحافیوں اور کاروباری شعبے کی معزز شخصیات بھی نمائش دیکھنے خاص طور پہ آئیں۔
روڈن انکلیو کے جنرل منیجرمحمد راشد نے آرٹ کے فروغ کے لئے بڑا اعلان کیا۔انہوں نے سدرہ بابر کے تعاون سے روڈن انکلیو میں فنکاروں کے لیے ایک فلاحی ٹرسٹ کے قیام کا اعلان کیا جو فنکاروں کی ترقی اور نوجوان ٹیلنٹ کو وسائل فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ اقدام جلد شروع کیا جائے گا تاکہ فنکاروں کی مسلسل مدد ممکن بنائی جا سکے۔نمائش کی کیوریٹر اور بصری آرٹ کی ماہر سدرہ بابر نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل ایم ایوب جمالی اور ویژول آرٹس ڈویژن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوان فنکاروں کو یہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے نوجوان فنکاروں کی بھرپور شرکت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے پلیٹ فارمز کی اہمیت پر زور دیا جو تخلیقی صلاحیتوں کی نشوونما اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو پہچان دلانے میں مدد دیتے ہیں۔یہ نمائش اس لحاظ سے بہت کامیاب ثابت ہوئی کہ اس دوران فنکارانہ مکالمے اور تعاون کے لیے ایک متحرک ماحول پیدا ہوا اور نوجوان آرٹسٹوں کو ایک اپنے فن کے اظہار کا ایک اچھا پلیٹ فارم میسر آیا۔ پی این سی اے آرٹ کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔یہ نمائش بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی تھی۔